83. المطففین
1تباہی ہے ڈنڈی مارنے والوں کے لیے
2جن کا حال یہ ہے کہ جب لوگوں سے لیتے ہیں تو پورا پورا لیتے ہیں
3اور جب ان کو ناپ کر یا تول کر دیتے ہیں تو انہیں گھاٹا دیتے ہیں
4کیا یہ لوگ نہیں سمجھتے کہ ایک بڑے دن،
5یہ اٹھا کر لائے جانے والے ہیں؟
6اُس دن جبکہ سب لوگ رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے
7ہرگز نہیں، یقیناً بد کاروں کا نامہ اعمال قید خانے کے دفتر میں ہے
8اور تمہیں کیا معلوم کہ وہ قید خانے کا دفتر کیا ہے؟
9ایک کتاب ہے لکھی ہوئی
10تباہی ہے اُس روز جھٹلانے والوں کے لیے
11جو روز جزا کو جھٹلاتے ہیں
12اور اُسے نہیں جھٹلاتا مگر ہر وہ شخص جو حد سے گزر جانے والا بد عمل ہے
13اُسے جب ہماری آیات سنائی جاتی ہیں تو کہتا ہے یہ تو اگلے وقتوں کی کہانیاں ہیں
14ہرگز نہیں، بلکہ دراصل اِن لوگوں کے دلوں پر اِن کے برے اعمال کا زنگ چڑھ گیا ہے
15ہرگز نہیں، بالیقین اُس روز یہ اپنے رب کی دید سے محروم رکھے جائیں گے
16پھر یہ جہنم میں جا پڑیں گے
17پھر اِن سے کہا جائے گا کہ یہ وہی چیز ہے جسے تم جھٹلایا کرتے تھے
18ہرگز نہیں، بے شک نیک آدمیوں کا نامہ اعمال بلند پایہ لوگوں کے دفتر میں ہے
19اور تمہیں کیا خبر کہ کیا ہے وہ بلند پایہ لوگوں کا دفتر؟
20ایک لکھی ہوئی کتاب ہے
21جس کی نگہداشت مقرب فرشتے کرتے ہیں
22بے شک نیک لوگ بڑے مزے میں ہوں گے
23اونچی مسندوں پر بیٹھے نظارے کر رہے ہوں گے
24ان کے چہروں پر تم خوشحالی کی رونق محسوس کرو گے
25ان کو نفیس ترین سر بند شراب پلائی جائے گی جس پر مشک کی مہر لگی ہوگی
26جو لوگ دوسروں پر بازی لے جانا چاہتے ہوں وہ اِس چیز کو حاصل کرنے میں بازی لے جانے کی کوشش کریں
27اُس شراب میں تسنیم کی آمیزش ہوگی
28یہ ایک چشمہ ہے جس کے پانی کے ساتھ مقرب لوگ شراب پئیں گے
29مجرم لوگ دنیا میں ایمان لانے والوں کا مذاق اڑاتے تھے
30جب اُن کے پاس سے گزرتے تو آنکھیں مار مار کر اُن کی طرف اشارے کرتے تھے
31اپنے گھروں کی طرف پلٹتے تو مزے لیتے ہوئے پلٹتے تھے
32اور جب انہیں دیکھتے تو کہتے تھے کہ یہ بہکے ہوئے لوگ ہیں
33حالانکہ وہ اُن پر نگراں بنا کر نہیں بھیجے گئے تھے
34آج ایمان لانے والے کفار پر ہنس رہے ہیں
35مسندوں پر بیٹھے ہوئے ان کا حال دیکھ رہے ہیں
36مل گیا نا کافروں کو اُن حرکتوں کا ثواب جو وہ کیا کرتے تھے
ذریعہ: Abul A Ala Maududi
WEBREATH · 11:11
«If you are thankful, I will give you more» — Quran 14:7
Breath is one for all: everyone lives by it, whoever they are and whatever they believe. Every day at 11:11 local time people stop for sixty seconds, breathe, and thank GOD for the breath — each in their own words, each within themselves. In that minute we are One Breath.
WEBREATH — the Minute at 11:11, your own local time — we are One Breath