78. عن نبا ۔
1یہ لوگ کس چیز کے بارے میں پوچھ گچھ کر رہے ہیں؟
2کیا اُس بڑی خبر کے بارے میں
3جس کے متعلق یہ مختلف چہ میگوئیاں کرنے میں لگے ہوئے ہیں؟
4ہرگز نہیں، عنقریب اِنہیں معلوم ہو جائیگا
5ہاں، ہرگز نہیں، عنقریب اِنہیں معلوم ہو جائے گا
6کیا یہ واقعہ نہیں ہے کہ ہم نے زمین کو فرش بنایا
7اور پہاڑوں کو میخوں کی طرح گاڑ دیا
8اور تمہیں (مَردوں اور عورتوں کے) جوڑوں کی شکل میں پیدا کیا
9اور تمہاری نیند کو باعث سکون بنایا
10اور رات کو پردہ پوش
11اور دن کو معاش کا وقت بنایا
12اور تمہارے اوپر سات مضبوط آسمان قائم کیے
13اور ایک نہایت روشن اور گرم چراغ پیدا کیا
14اور بادلوں سے لگاتار بارش برسائی
15تاکہ اس کے ذریعہ سے غلہ اور سبزی
16اور گھنے باغ اگائیں؟
17بے شک فیصلے کا دن ایک مقرر وقت ہے
18جس روز صور میں پھونک مار دی جائے گی، تم فوج در فوج نکل آؤ گے
19اور آسمان کھول دیا جائے گا حتیٰ کہ وہ دروازے ہی دروازے بن کر رہ جائے گا
20اور پہاڑ چلائے جائیں گے یہاں تک کہ وہ سراب ہو جائیں گے
21درحقیقت جہنم ایک گھات ہے
22سرکشوں کا ٹھکانا
23جس میں وہ مدتوں پڑے رہیں گے
24اُس کے اندر کسی ٹھنڈک اور پینے کے قابل کسی چیز کا مزہ وہ نہ چکھیں گے
25کچھ ملے گا تو بس گرم پانی اور زخموں کا دھوون
26(اُن کے کرتوتوں) کا بھرپور بدلہ
27وہ کسی حساب کی توقع نہ رکھتے تھے
28اور ہماری آیات کو انہوں نے بالکل جھٹلا دیا تھا
29اور حال یہ تھا کہ ہم نے ہر چیز گن گن کر لکھ رکھی تھی
30اب چکھو مزہ، ہم تمہارے لیے عذاب کے سوا کسی چیز میں ہرگز اضافہ نہ کریں گے
31یقیناً متقیوں کے لیے کامرانی کا ایک مقام ہے
32باغ اور انگور
33اور نوخیر ہم سن لڑکیاں
34اور چھلکتے ہوئے جام
35وہاں کوئی لغو اور جھوٹی بات وہ نہ سنیں گے
36جزا اور کافی انعام تمہارے رب کی طرف سے
37اُس نہایت مہربان خدا کی طرف سے جو زمین اور آسمانوں کا اور ان کے درمیان کی ہر چیز کا مالک ہے جس کے سامنے کسی کو بولنے کا یارا نہیں
38جس روز روح اور ملائکہ صف بستہ کھڑے ہونگے، کوئی نہ بولے گا سوائے اُس کے جسے رحمٰن اجازت دے اور جو ٹھیک بات کہے
39وہ دن برحق ہے، اب جس کا جی چاہے اپنے رب کی طرف پلٹنے کا راستہ اختیار کر لے
40ہم نے تم لوگوں کو اُس عذاب سے ڈرا دیا ہے جو قریب آ لگا ہے جس روز آدمی وہ سب کچھ دیکھ لے گا جو اس کے ہاتھوں نے آگے بھیجا ہے، اور کافر پکار اٹھے گا کہ کاش میں خاک ہوتا
ذریعہ: Abul A Ala Maududi
WEBREATH · 11:11
«If you are thankful, I will give you more» — Quran 14:7
Breath is one for all: everyone lives by it, whoever they are and whatever they believe. Every day at 11:11 local time people stop for sixty seconds, breathe, and thank GOD for the breath — each in their own words, each within themselves. In that minute we are One Breath.
WEBREATH — the Minute at 11:11, your own local time — we are One Breath