اسلام
واپس

77. المرسلات

1قسم ہے اُن (ہواؤں) کی جو پے در پے بھیجی جاتی ہیں

2پھر طوفانی رفتار سے چلتی ہیں

3اور (بادلوں کو) اٹھا کر پھیلاتی ہیں

4پھر (اُن کو) پھاڑ کر جدا کرتی ہیں

5پھر (دلوں میں خدا کی) یاد ڈالتی ہیں

6عذر کے طور پر یا ڈراوے کے طور پر

7جس چیز کا تم سے وعدہ کیا جا رہا ہے وہ ضرور واقع ہونے والی ہے

8پھر جب ستارے ماند پڑ جائیں گے

9اور آسمان پھاڑ دیا جائے گا

10اور پہاڑ دھنک ڈالے جائیں گے

11اور رسولوں کی حاضری کا وقت آ پہنچے گا (اس روز وہ چیز واقع ہو جائے گی)

12کس روز کے لیے یہ کام اٹھا رکھا گیا ہے؟

13فیصلے کے روز کے لیے

14اور تمہیں کیا خبر کہ وہ فیصلے کا دن کیا ہے؟

15تباہی ہے اُس دن جھٹلانے والوں کے لیے

16کیا ہم نے اگلوں کو ہلاک نہیں کیا؟

17پھر اُنہی کے پیچھے ہم بعد والوں کو چلتا کریں گے

18مجرموں کے ساتھ ہم یہی کچھ کیا کرتے ہیں

19تباہی ہے اُس دن جھٹلانے والوں کے لیے

20کیا ہم نے ایک حقیر پانی سے تمہیں پیدا نہیں کیا

21اور ایک مقررہ مدت تک،

22اُسے ایک محفوظ جگہ ٹھیرائے رکھا؟

23تو دیکھو، ہم اِس پر قادر تھے، پس ہم بہت اچھی قدرت رکھنے والے ہیں

24تباہی ہے اُس روز جھٹلانے والوں کے لیے

25کیا ہم نے زمین کو سمیٹ کر رکھنے والی نہیں بنایا

26زندوں کے لیے بھی اور مُردوں کے لیے بھی

27اور اس میں بلند و بالا پہاڑ جمائے، اور تمہیں میٹھا پانی پلایا؟

28تباہی ہے اُس روز جھٹلانے والوں کے لیے

29چلو اب اُسی چیز کی طرف جسے تم جھٹلایا کرتے تھے

30چلو اُس سائے کی طرف جو تین شاخوں والا ہے

31نہ ٹھنڈک پہنچانے والا اور نہ آگ کی لپٹ سے بچانے والا

32وہ آگ محل جیسی بڑی بڑی چنگاریاں پھینکے گی

33(جو اچھلتی ہوئی یوں محسوس ہوں گی) گویا کہ وہ زرد اونٹ ہیں

34تباہی ہے اُس روز جھٹلانے والوں کے لیے

35یہ وہ دن ہے جس میں وہ نہ کچھ بولیں گے

36اور نہ اُنہیں موقع دیا جائے گا کہ کوئی عذر پیش کریں

37تباہی ہے اُس دن جھٹلانے والوں کے لیے

38یہ فیصلے کا دن ہے ہم نے تمہیں اور تم سے پہلے گزرے ہوئے لوگوں کو جمع کر دیا ہے

39اب اگر کوئی چال تم چل سکتے ہو تو میرے مقابلہ میں چل دیکھو

40تباہی ہے اُس دن جھٹلانے والوں کے لیے

41متقی لوگ آج سایوں اور چشموں میں ہیں

42اور جو پھل وہ چاہیں (اُن کے لیے حاضر ہیں)

43کھاؤ اور پیو مزے سے اپنے اُن اعمال کے صلے میں جو تم کرتے رہے ہو

44ہم نیک لوگوں کو ایسی ہی جزا دیتے ہیں

45تباہی ہے اُس روز جھٹلانے والوں کے لیے

46کھا لو اور مزے کر لو تھوڑے دن حقیقت میں تم لوگ مجرم ہو

47تباہی ہے اُس روز جھٹلانے والوں کے لیے

48جب اِن سے کہا جاتا ہے کہ (اللہ کے آگے) جھکو تو نہیں جھکتے

49تباہی ہے اُس روز جھٹلانے والوں کے لیے

50اب اِس (قرآن) کے بعد اور کونسا کلام ایسا ہو سکتا ہے جس پر یہ ایمان لائیں؟

ذریعہ: Abul A Ala Maududi

WEBREATH · 11:11

«If you are thankful, I will give you more» — Quran 14:7

Breath is one for all: everyone lives by it, whoever they are and whatever they believe. Every day at 11:11 local time people stop for sixty seconds, breathe, and thank GOD for the breath — each in their own words, each within themselves. In that minute we are One Breath.

WEBREATH — the Minute at 11:11, your own local time — we are One Breath