70. المعارج
1مانگنے والے نے عذاب مانگا ہے، (وہ عذاب) جو ضرور واقع ہونے والا ہے
2کافروں کے لیے ہے، کوئی اُسے دفع کرنے والا نہیں
3اُس خدا کی طرف سے ہے جو عروج کے زینوں کا مالک ہے
4ملائکہ اور روح اُس کے حضور چڑھ کر جاتے ہیں ایک ایسے دن میں جس کی مقدار پچاس ہزار سال ہے
5پس اے نبیؐ، صبر کرو، شائستہ صبر
6یہ لوگ اُسے دور سمجھتے ہیں
7اور ہم اسے قریب دیکھ رہے ہیں
8(وہ عذاب اُس روز ہوگا) جس روز آسمان پگھلی ہوئی چاندی کی طرح ہو جائے گا
9اور پہاڑ رنگ برنگ کے دھنکے ہوئے اون جیسے ہو جائیں گے
10اور کوئی جگری دوست اپنے جگری دوست کو نہ پوچھے گا
11حالانکہ وہ ایک دوسرے کو دکھائے جائیں گے مجرم چاہے گا کہ اس دن کے عذاب سے بچنے کے لیے اپنی اولاد کو
12اپنی بیوی کو، اپنے بھائی کو
13اپنے قریب ترین خاندان کو جو اسے پناہ دینے والا تھا
14اور روئے زمین کے سب لوگوں کو فدیہ میں دیدے اور یہ تدبیر اُسے نجات دلا دے
15ہرگز نہیں وہ تو بھڑکتی ہوئی آگ کی لپٹ ہوگی
16جو گوشت پوست کو چاٹ جائے گی
17پکار پکار کر اپنی طرف بلائے گی ہر اُس شخص کو جس نے حق سے منہ موڑا اور پیٹھ پھیری
18اور مال جمع کیا اور سینت سینت کر رکھا
19انسان تھڑدلا پیدا کیا گیا ہے
20جب اس پر مصیبت آتی ہے تو گھبرا اٹھتا ہے
21اور جب اسے خوشحالی نصیب ہوتی ہے تو بخل کرنے لگتا ہے
22مگر وہ لوگ (اِس عیب سے بچے ہوئے ہیں) جو نماز پڑھنے والے ہیں
23جو اپنی نماز کی ہمیشہ پابندی کرتے ہیں
24جن کے مالوں میں،
25سائل اور محروم کا ایک حق مقرر ہے
26جو روز جزا کو برحق مانتے ہیں
27جو اپنے رب کے عذاب سے ڈرتے ہیں
28کیونکہ اُن کے رب کا عذاب ایسی چیز نہیں ہے جس سے کوئی بے خوف ہو
29جو اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں
30بجز اپنی بیویوں یا اپنی مملوکہ عورتوں کے جن سے محفوظ نہ رکھنے میں ان پر کوئی ملامت نہیں
31البتہ جو اس کے علاوہ کچھ اور چاہیں وہی حد سے تجاوز کرنے والے ہیں
32جو اپنی امانتوں کی حفاظت اور اپنے عہد کا پاس کرتے ہیں
33جو اپنی گواہیوں میں راست بازی پر قائم رہتے ہیں
34اور جو اپنی نماز کی حفاظت کرتے ہیں
35یہ لوگ عزت کے ساتھ جنت کے باغوں میں رہیں گے
36پس اے نبیؐ، کیا بات ہے کہ یہ منکرین دائیں اور بائیں سے،
37گروہ در گروہ تمہاری طرف دوڑے چلے آ رہے ہیں؟
38کیا اِن میں سے ہر ایک یہ لالچ رکھتا ہے کہ وہ نعمت بھری جنت میں داخل کر دیا جائے گا؟
39ہرگز نہیں ہم نے جس چیز سے اِن کو پیدا کیا ہے اُسے یہ خود جانتے ہیں
40پس نہیں، میں قسم کھاتا ہوں مشرقوں اور مغربوں کے مالک کی، ہم اِس پر قادر ہیں
41کہ اِن کی جگہ اِن سے بہتر لوگ لے آئیں اور کوئی ہم سے بازی لے جانے والا نہیں ہے
42لہٰذا اِنہیں اپنی بیہودہ باتوں اور اپنے کھیل میں پڑا رہنے دو یہاں تک کہ یہ اپنے اُس دن تک پہنچ جائیں جس کا ان سے وعدہ کیا جا رہا ہے
43جب یہ اپنی قبروں سے نکل کر اِس طرح دوڑے جا رہے ہوں گے جیسے اپنے بتوں کے استھانوں کی طرف دوڑ رہے ہوں
44اِن کی نگاہیں جھکی ہوئی ہوں گی، ذلت اِن پر چھا رہی ہوگی وہ دن ہے جس کا اِن سے وعدہ کیا جا رہا ہے
ذریعہ: Abul A Ala Maududi
WEBREATH · 11:11
«If you are thankful, I will give you more» — Quran 14:7
Breath is one for all: everyone lives by it, whoever they are and whatever they believe. Every day at 11:11 local time people stop for sixty seconds, breathe, and thank GOD for the breath — each in their own words, each within themselves. In that minute we are One Breath.
WEBREATH — the Minute at 11:11, your own local time — we are One Breath