اسلام
واپس

69. الحاقہ

1ہونی شدنی

2کیا ہے وہ ہونی شدنی؟

3اور تم کیا جانو کہ وہ کیا ہے ہونی شدنی؟

4ثمود اور عاد نے اُس اچانک ٹوٹ پڑنے والی آفت کو جھٹلایا

5تو ثمود ایک سخت حادثہ میں ہلاک کیے گئے

6اور عاد ایک بڑی شدید طوفانی آندھی سے تباہ کر دیے گئے

7اللہ تعالیٰ نے اُس کو مسلسل سات رات اور آٹھ دن اُن پر مسلط رکھا (تم وہاں ہوتے تو) دیکھتے کہ وہ وہاں اِس طرح پچھڑے پڑے ہیں جیسے وہ کھجور کے بوسیدہ تنے ہوں

8اب کیا اُن میں سے کوئی تمہیں باقی بچا نظر آتا ہے؟

9اور اِسی خطائے عظیم کا ارتکاب فرعون اور اُس سے پہلے کے لوگوں نے اور تل پٹ ہو جانے والی بستیوں نے کیا

10ان سب نے اپنے رب کے رسول کی بات نہ مانی تو اُس نے اُن کو بڑی سختی کے ساتھ پکڑا

11جب پانی کا طوفان حد سے گزر گیا تو ہم نے تم کو کشتی میں سوار کر دیا تھا

12تاکہ اِس واقعہ کو تمہارے لیے ایک سبق آموز یادگار بنا دیں اور یاد رکھنے والے کان اس کی یاد محفوظ رکھیں

13پھر جب ایک دفعہ صور میں پھونک مار دی جائے گی

14اور زمین اور پہاڑوں کو اٹھا کر ایک ہی چوٹ میں ریزہ ریزہ کر دیا جائے گا

15اُس روز وہ ہونے والا واقعہ پیش آ جائے گا

16اُس دن آسمان پھٹے گا اور اس کی بندش ڈھیلی پڑ جائے گی

17فرشتے اس کے اطراف و جوانب میں ہوں گے اور آٹھ فرشتے اُس روز تیرے رب کا عرش اپنے اوپر اٹھائے ہوئے ہوں گے

18وہ دن ہوگا جب تم لوگ پیش کیے جاؤ گے، تمہارا کوئی راز بھی چھپا نہ رہ جائے گا

19اُس وقت جس کا نامہ اعمال اُس کے سیدھے ہاتھ میں دیا جائے گا وہ کہے گا "لو دیکھو، پڑھو میرا نامہ اعمال

20میں سمجھتا تھا کہ مجھے ضرور اپنا حساب ملنے والا ہے

21پس وہ دل پسند عیش میں ہوگا

22عالی مقام جنت میں

23جس کے پھلوں کے گچھے جھکے پڑ رہے ہوں گے

24(ایسے لوگوں سے کہا جائے گا) مزے سے کھاؤ اور پیو اپنے اُن اعمال کے بدلے جو تم نے گزرے ہوئے دنوں میں کیے ہیں

25اور جس کا نامہ اعمال اُس کے بائیں ہاتھ میں دیا جائے گا وہ کہے گا "کاش میرا اعمال نامہ مجھے نہ دیا گیا ہوتا

26اور میں نہ جانتا کہ میرا حساب کیا ہے

27کاش میری وہی موت (جو دنیا میں آئی تھی) فیصلہ کن ہوتی

28آج میرا مال میرے کچھ کام نہ آیا

29میرا سارا اقتدار ختم ہو گیا

30(حکم ہو گا) پکڑو اِسے اور اِس کی گردن میں طوق ڈال دو

31پھر اِسے جہنم میں جھونک دو

32پھر اِس کو ستر ہاتھ لمبی زنجیر میں جکڑ دو

33یہ نہ اللہ بزرگ و برتر پر ایمان لاتا تھا

34اور نہ مسکین کو کھانا کھلانے کی ترغیب دیتا تھا

35لہٰذا آج نہ یہاں اِس کا کوئی یار غم خوار ہے

36اور نہ زخموں کے دھوون کے سوا اِس کے لیے کوئی کھانا

37جسے خطا کاروں کے سوا کوئی نہیں کھاتا

38پس نہیں، میں قسم کھاتا ہوں اُن چیزوں کی بھی جو تم دیکھتے ہو

39اور اُن کی بھی جنہیں تم نہیں دیکھتے

40یہ ایک رسول کریم کا قول ہے

41کسی شاعر کا قول نہیں ہے، تم لوگ کم ہی ایمان لاتے ہو

42اور نہ یہ کسی کاہن کا قول ہے، تم لوگ کم ہی غور کرتے ہو

43یہ رب العالمین کی طرف سے نازل ہوا ہے

44اور اگر اس (نبی) نے خود گھڑ کر کوئی بات ہماری طرف منسوب کی ہوتی

45تو ہم اِس کا دایاں ہاتھ پکڑ لیتے

46اور اِس کی رگ گردن کاٹ ڈالتے

47پھر تم میں سے کوئی (ہمیں) اس کام سے روکنے والا نہ ہوتا

48درحقیقت یہ پرہیزگار لوگوں کے لیے ایک نصیحت ہے

49اور ہم جانتے ہیں کہ تم میں سے کچھ لوگ جھٹلانے والے ہیں

50ایسے کافروں کے لیے یقیناً یہ موجب حسرت ہے

51اور یہ بالکل یقینی حق ہے

52پس اے نبیؐ، اپنے رب عظیم کے نام کی تسبیح کرو

ذریعہ: Abul A Ala Maududi

WEBREATH · 11:11

«If you are thankful, I will give you more» — Quran 14:7

Breath is one for all: everyone lives by it, whoever they are and whatever they believe. Every day at 11:11 local time people stop for sixty seconds, breathe, and thank GOD for the breath — each in their own words, each within themselves. In that minute we are One Breath.

WEBREATH — the Minute at 11:11, your own local time — we are One Breath