اسلام
واپس

56. الواقیہ

1جب وہ ہونے والا واقعہ پیش آ جائے گا

2تو کوئی اس کے وقوع کو جھٹلانے والا نہ ہوگا

3وہ تہ و بالا کر دینے والی آفت ہوگی

4زمین اس وقت یکبارگی ہلا ڈالی جائے گی

5اور پہاڑ اس طرح ریزہ ریزہ کر دیے جائیں گے

6کہ پراگندہ غبار بن کر رہ جائیں گے

7تم لوگ اُس وقت تین گروہوں میں تقسیم ہو جاؤ گے

8دائیں بازو والے، سو دائیں بازو والوں (کی خوش نصیبی) کا کیا کہنا

9اور بائیں بازو والے، تو بائیں بازو والوں (کی بد نصیبی کا) کا کیا ٹھکانا

10اور آگے والے تو پھر آگے وا لے ہی ہیں

11وہی تو مقرب لوگ ہیں

12نعمت بھری جنتوں میں رہیں گے

13اگلوں میں سے بہت ہوں گے

14اور پچھلوں میں سے کم

15مرصع تختوں پر

16تکیے لگا ئے آمنے سامنے بیٹھیں گے

17اُن کی مجلسوں میں ابدی لڑکے شراب چشمہ جاری سے

18لبریز پیالے کنٹر اور ساغر لیے دوڑتے پھرتے ہونگے

19جسے پی کر نہ اُن کا سر چکرائے گا نہ ان کی عقل میں فتور آئے گا

20اور وہ اُن کے سامنے طرح طرح کے لذیذ پھل پیش کریں گے جسے چاہیں چن لیں

21اور پرندوں کے گوشت پیش کریں گے کہ جس پرندے کا چاہیں استعمال کریں

22اور ان کے لیے خوبصورت آنکھوں والی حوریں ہونگی

23ایسی حسین جیسے چھپا کر رکھے ہوئے موتی

24یہ سب کچھ اُن اعمال کی جزا کے طور پر انہیں ملے گا جو وہ دنیا میں کرتے رہے تھے

25وہاں وہ کوئی بیہودہ کلام یا گناہ کی بات نہ سنیں گے

26جو بات بھی ہوگی ٹھیک ٹھیک ہوگی

27اور دائیں بازو والے، دائیں بازو والوں کی خوش نصیبی کا کیا کہنا

28وہ بے خار بیریوں

29اور تہ بر تہ چڑھے ہوئے کیلوں

30اور دور تک پھیلی ہوئی چھاؤں

31اور ہر دم رواں پانی

32اور کبھی ختم نہ ہونے والے

33اور بے روک ٹوک ملنے والے بکثرت پھلوں

34اور اونچی نشست گاہوں میں ہوں گے

35ان کی بیویوں کو ہم خاص طور پر نئے سرے سے پیدا کریں گے

36اور انہیں با کرہ بنا دیں گے

37اپنے شوہروں کی عاشق اور عمر میں ہم سن

38یہ کچھ دائیں بازو والوں کے لیے ہے

39وہ اگلوں میں سے بہت ہوں گے

40اور پچھلوں میں سے بھی بہت

41اور بائیں بازو والے، بائیں بازو والوں کی بد نصیبی کا کیا پوچھنا

42وہ لو کی لپٹ اور کھولتے ہوئے پانی

43اور کالے دھوئیں کے سائے میں ہوں گے

44جو نہ ٹھنڈا ہوگا نہ آرام دہ

45یہ وہ لوگ ہوں گے جو اِس انجام کو پہنچنے سے پہلے خوشحال تھے

46اور گناہ عظیم پر اصرار کرتے تھے

47کہتے تھے "کیا جب ہم مر کر خاک ہو جائیں گے اور ہڈیوں کا پنجر رہ جائیں گے تو پھر اٹھا کھڑے کیے جائیں گے؟

48اور کیا ہمارے وہ باپ دادا بھی اٹھائے جائیں گے جو پہلے گزر چکے ہیں؟

49اے نبیؐ، اِن لوگوں سے کہو، یقیناً اگلے اور پچھلے سب

50ایک دن ضرور جمع کیے جانے والے ہیں جس کا وقت مقرر کیا جا چکا ہے

51پھر اے گمراہو اور جھٹلانے والو

52تم شجر زقوم کی غذا کھانے والے ہو

53اُسی سے تم پیٹ بھرو گے

54اور اوپر سے کھولتا ہوا پانی

55تونس لگے ہوئے اونٹ کی طرح پیو گے

56یہ ہے بائیں والوں کی ضیافت کا سامان روز جزا میں

57ہم نے تمہیں پیدا کیا ہے پھر کیوں تصدیق نہیں کرتے؟

58کبھی تم نے غور کیا، یہ نطفہ جو تم ڈالتے ہو

59اس سے بچہ تم بناتے ہو یا اس کے بنانے والے ہم ہیں؟

60ہم نے تمہارے درمیان موت کو تقسیم کیا ہے، اور ہم اِس سے عاجز نہیں ہیں

61کہ تمہاری شکلیں بدل دیں اور کسی ایسی شکل میں تمہیں پیدا کر دیں جس کو تم نہیں جانتے

62اپنی پہلی پیدائش کو تو تم جانتے ہو، پھر کیوں سبق نہیں لیتے؟

63کبھی تم نے سوچا، یہ بیج جو تم بوتے ہو

64اِن سے کھیتیاں تم اگاتے ہو یا اُن کے اگانے والے ہم ہیں؟

65ہم چاہیں تو ان کھیتیوں کو بھس بنا کر رکھ دیں اور تم طرح طرح کی باتیں بناتے رہ جاؤ

66کہ ہم پر تو الٹی چٹی پڑ گئی

67بلکہ ہمارے تو نصیب ہی پھوٹے ہوئے ہیں

68کبھی تم نے آنکھیں کھول کر دیکھا، یہ پانی جو تم پیتے ہو

69اِسے تم نے بادل سے برسایا ہے یا اِس کے برسانے والے ہم ہیں؟

70ہم چاہیں تو اسے سخت کھاری بنا کر رکھ دیں، پھر کیوں تم شکر گزار نہیں ہوتے؟

71کبھی تم نے خیال کیا، یہ آگ جو تم سلگاتے ہو

72اِس کا درخت تم نے پیدا کیا ہے، یا اس کے پیدا کرنے والے ہم ہیں؟

73ہم نے اُس کو یاد دہانی کا ذریعہ اور حاجت مندوں کے لیے سامان زیست بنایا ہے

74پس اے نبیؐ، اپنے رب عظیم کے نام کی تسبیح کرو

75پس نہیں، میں قسم کھاتا ہوں تاروں کے مواقع کی

76اور اگر تم سمجھو تو یہ بہت بڑی قسم ہے

77کہ یہ ایک بلند پایہ قرآن ہے

78ایک محفوظ کتاب میں ثبت

79جسے مطہرین کے سوا کوئی چھو نہیں سکتا

80یہ رب العالمین کا نازل کردہ ہے

81پھر کیا اس کلام کے ساتھ تم بے اعتنائی برتتے ہو

82اور اِس نعمت میں اپنا حصہ تم نے یہ رکھا ہے کہ اِسے جھٹلاتے ہو؟

83تو جب مرنے والے کی جان حلق تک پہنچ چکی ہوتی ہے

84اور تم آنکھوں سے دیکھ رہے ہوتے ہو کہ وہ مر رہا ہے،

85اُس وقت تمہاری بہ نسبت ہم اُس کے زیادہ قریب ہوتے ہیں مگر تم کو نظر نہیں آتے

86اب اگر تم کسی کے محکوم نہیں ہو اور اپنے اِس خیال میں سچے ہو،

87اُس وقت اُس کی نکلتی ہوئی جان کو واپس کیوں نہیں لے آتے؟

88پھر وہ مرنے والا اگر مقربین میں سے ہو

89تو اس کے لیے راحت اور عمدہ رزق اور نعمت بھری جنت ہے

90اور اگر وہ اصحاب یمین میں سے ہو

91تو اس کا استقبال یوں ہوتا ہے کہ سلام ہے تجھے، تو اصحاب الیمین میں سے ہے

92اور اگر وہ جھٹلانے والے گمراہ لوگوں میں سے ہو

93تو اس کی تواضع کے لیے کھولتا ہوا پانی ہے

94اور جہنم میں جھونکا جانا

95یہ سب کچھ قطعی حق ہے

96پس اے نبیؐ، اپنے رب عظیم کے نام کی تسبیح کرو

ذریعہ: Abul A Ala Maududi

WEBREATH · 11:11

«If you are thankful, I will give you more» — Quran 14:7

Breath is one for all: everyone lives by it, whoever they are and whatever they believe. Every day at 11:11 local time people stop for sixty seconds, breathe, and thank GOD for the breath — each in their own words, each within themselves. In that minute we are One Breath.

WEBREATH — the Minute at 11:11, your own local time — we are One Breath