55. الرحمٰن
1رحمٰن نے
2اِس قرآن کی تعلیم دی ہے
3اُسی نے انسان کو پیدا کیا
4اور اسے بولنا سکھایا
5سورج اور چاند ایک حساب کے پابند ہیں
6اور تارے اور درخت سب سجدہ ریز ہیں
7آسمان کو اُس نے بلند کیا اور میزان قائم کر دی
8اِس کا تقاضا یہ ہے کہ تم میزان میں خلل نہ ڈالو
9انصاف کے ساتھ ٹھیک ٹھیک تولو اور ترازو میں ڈنڈی نہ مارو
10زمین کو اس نے سب مخلوقات کے لیے بنایا
11اس میں ہر طرح کے بکثرت لذیذ پھل ہیں کھجور کے درخت ہیں جن کے پھل غلافوں میں لپٹے ہوئے ہیں
12طرح طرح کے غلے ہیں جن میں بھوسا بھی ہوتا ہے اور دانہ بھی
13پس اے جن و انس، تم اپنے رب کی کن کن نعمتوں کو جھٹلاؤ گے؟
14انسان کو اُس نے ٹھیکری جیسے سوکھے سڑے ہوئے گارے سے بنایا
15اور جن کو آگ کی لپٹ سے پیدا کیا
16پس اے جن و انس، تم اپنے رب کے کن کن عجائب قدرت کو جھٹلاؤ گے؟
17دونوں مشرق اور دونوں مغرب، سب کا مالک و پروردگار وہی ہے
18پس اے جن و انس، تم اپنے رب کی کن کن قدرتوں کو جھٹلاؤ گے؟
19دو سمندروں کو اس نے چھوڑ دیا کہ باہم مل جائیں
20پھر بھی اُن کے درمیان ایک پردہ حائل ہے جس سے وہ تجاوز نہیں کرتے
21پس اے جن و انس، تم اپنے رب کی قدرت کے کن کن کرشموں کو جھٹلاؤ گے؟
22اِن سمندروں سے موتی اور مونگے نکلتے ہیں
23پس اے جن و انس، تم اپنے رب کی قدرت کے کن کن کمالات کو جھٹلاؤ گے؟
24اور یہ جہاز اُسی کے ہیں جو سمندر میں پہاڑوں کی طرح اونچے اٹھے ہوئے ہیں
25پس اے جن و انس، تم اپنے رب کے کن کن احسانات کو جھٹلاؤ گے؟
26ہر چیز جو اس زمین پر ہے فنا ہو جانے والی ہے
27اور صرف تیرے رب کی جلیل و کریم ذات ہی باقی رہنے والی ہے
28پس اے جن و انس، تم اپنے رب کے کن کن کمالات کو جھٹلاؤ گے؟
29زمین اور آسمانوں میں جو بھی ہیں سب اپنی حاجتیں اُسی سے مانگ رہے ہیں ہر آن وہ نئی شان میں ہے
30پس اے جن و انس، تم اپنے رب کی کن کن صفات حمیدہ کو جھٹلاؤ گے؟
31اے زمین کے بوجھو، عنقریب ہم تم سے باز پرس کرنے کے لیے فارغ ہوئے جاتے ہیں
32(پھر دیکھ لیں گے کہ) تم اپنے رب کے کن کن احسانات کو جھٹلاتے ہو
33اے گروہ جن و انس، گر تم زمین اور آسمانوں کی سرحدوں سے نکل کر بھاگ سکتے ہو تو بھاگ دیکھو نہیں بھاگ سکتے اِس کے لیے بڑا زور چاہیے
34اپنے رب کی کن کن قدرتوں کو تم جھٹلاؤ گے؟
35(بھاگنے کی کوشش کرو گے تو) تم پر آگ کا شعلہ اور دھواں چھوڑ دیا جائے گا جس کا تم مقابلہ نہ کر سکو گے
36اے جن و انس، تم اپنے رب کی کن کن قدرتوں کا انکار کرو گے؟
37پھر (کیا بنے گی اُس وقت) جب آسمان پھٹے گا اور لال چمڑے کی طرح سرخ ہو جائے گا؟
38اے جن و انس (اُس وقت) تم اپنے رب کی کن کن قدرتوں کو جھٹلاؤ گے؟
39اُس روز کسی انسان اور کسی جن سے اُس کا گناہ پوچھنے کی ضرورت نہ ہوگی
40پھر (دیکھ لیا جائے گا کہ) تم دونوں گروہ اپنے رب کے کن کن احسانات کا انکار کرتے ہو
41مجرم وہاں اپنے چہروں سے پہچان لیے جائیں گے اور انہیں پیشانی کے بال اور پاؤں پکڑ پکڑ کر گھسیٹا جائے گا
42اُس وقت تم اپنے رب کی کن کن قدرتوں کو جھٹلاؤ گے؟
43(اُس وقت کہا جائے گا) یہ وہی جہنم ہے جس کو مجرمین جھوٹ قرار دیا کرتے تھے
44اُسی جہنم اور کھولتے ہوئے پانی کے درمیان وہ گردش کرتے رہیں گے
45پھر اپنے رب کی کن کن قدرتوں کو تم جھٹلاؤ گے؟
46اور ہر اُس شخص کے لیے جو اپنے رب کے حضور پیش ہونے کا خوف رکھتا ہو، دو باغ ہیں
47اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
48ہری بھری ڈالیوں سے بھرپور
49اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
50دونوں باغوں میں دو چشمے رواں
51اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
52دونوں باغوں میں ہر پھل کی دو قسمیں
53اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
54جنتی لوگ ایسے فرشوں پر تکیے لگا کے بیٹھیں گے جن کے استر دبیز ریشم کے ہوں گے، اور باغوں کی ڈالیاں پھلوں سے جھکی پڑ رہی ہوں گی
55اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
56اِن نعمتوں کے درمیان شرمیلی نگاہوں والیاں ہوں گی جنہیں اِن جنتیوں سے پہلے کسی انسان یا جن نے چھوا نہ ہوگا
57اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
58ایسی خوبصورت جیسے ہیرے اور موتی
59اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
60نیکی کا بدلہ نیکی کے سوا اور کیا ہو سکتا ہے
61پھر اے جن و انس، اپنے رب کے کن کن اوصاف حمیدہ کا تم انکار کرو گے؟
62اور اُن دو باغوں کے علاوہ دو باغ اور ہوں گے
63اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
64گھنے سرسبز و شاداب باغ
65اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
66دونوں باغوں میں دو چشمے فواروں کی طرح ابلتے ہوئے
67اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
68اُن میں بکثرت پھل اور کھجوریں اور انار
69اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
70اِن نعمتوں کے درمیان خوب سیرت اور خوبصورت بیویاں
71اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
72خیموں میں ٹھیرائی ہوئی حوریں
73اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
74اِن جنتیوں سے پہلے کبھی انسان یا جن نے اُن کو نہ چھوا ہوگا
75اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
76وہ جنتی سبز قالینوں اور نفیس و نادر فرشوں پر تکیے لگا کے بیٹھیں گے
77اپنے رب کے کن کن انعامات کو تم جھٹلاؤ گے؟
78بڑی برکت والا ہے تیرے رب جلیل و کریم کا نام
ذریعہ: Abul A Ala Maududi
WEBREATH · 11:11
«If you are thankful, I will give you more» — Quran 14:7
Breath is one for all: everyone lives by it, whoever they are and whatever they believe. Every day at 11:11 local time people stop for sixty seconds, breathe, and thank GOD for the breath — each in their own words, each within themselves. In that minute we are One Breath.
WEBREATH — the Minute at 11:11, your own local time — we are One Breath